JAMAAT-E-ISLAMI.NEW AMEER SIRJAJ-UL-HAQ TOOK OATH.9-4-2014
ارکان نے کوہ ہمالیہ سے زیادہ بوجھ ڈال دیا۔راستے سے ہٹوں تو سیدھا کردیں۔سراج الحق نے امارت کا حلف اٹھالیا
لاہور9 اپریل2014ء: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ تمام سیاسی و دینی جماعتیں متحد ہو کر ایک چارٹر پر دستخط کریں تاکہ ملک کو آئین کے مطابق جمہوری انداز میں چلایا اور آمریت کا ہمیشہ کے لیے راستہ روکا جائے سکے ۔ پاکستان کاآئین اسلامی ہے جو معاشرے کو مضبوط اسلامی بنیادیں فراہم کرتاہے ۔ ملکی آئین کی بالادستی کے لیے تمام محب وطن قوتوں کو متحد ہوناچاہیے ۔ حکومت نے اپنے کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے ۔ افواج پاکستان نے ملکی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے لیے نامساعد حالات میں بھی بہترین خدمات سرانجام دی ہیں ۔ ملک میں ظلم و استبداد کار استہ روک دیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہ ہو سکے ۔ 65سال سے 5 فیصد اشرافیہ نے 95 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھاہے اور قومی وسائل پر قبضہ کیا ہواہے جبکہ 95 فیصد عوام تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ غریب کے بچوں کو کوڑے کے ڈھیروں سے رزق تلاش کرنا پڑتاہے ۔ عوام کو پانچ فیصد اشرافیہ کے خلاف متحد ہونا چاہیے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کی شام منصورہ میں اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے حلف امارت اٹھایا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کیے ۔ شیخ القرآن مولانا عبدالمالک نے اختتامی دعا کرائی ۔
سراج الحق نے کہاکہ ارکان جماعت نے مجھ سے بدرجہا بہتر لوگوں کے ہوئے ہوئے میرا انتخاب کرکے میرے کندھوں پر کوہ ہمالیہ سے زیادہ وزن لادیا ہے ۔ میں اپنے پیش روﺅں سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ ، میاں طفیل محمد ؒ، قاضی حسین ا حمد ؒ، اور سید منور حسن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اگر قرآن و سنت کے مطابق چلوں تو ارکان جماعت میرا ساتھ دیں اور اگر آئین و ستور کے راستے سے ہٹوں تو مجھے پکڑ کر سیدھا کردیں ۔ انہوں نے کہاکہ سید منور حسن نے جماعت اسلامی کی قیادت اس وقت سنبھالی جب خطہ بہت بڑے بحران سے دوچار تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم امریکہ اور بھارت سمیت کسی غیر مسلم ملک کے خلاف نہیں ۔ امریکہ کی دنیا بھر میں اسلام اورامت مسلمہ کے خلاف پالیسیوں کے خلاف ہیں ۔ امریکہ موجودہ دور کا سب سے بڑا طاغوت ہے اور دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہاہے ۔ امریکی سرپرستی میں بھارت کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں معصوم مسلمانوں کو قتل کر رہا ہے اور ان کے ممالک پر قبضہ کیے ہوئے ہیں ۔
سراج الحق نے کہاکہ حکومت موقع سے فائدہ اٹھائے اور کامیاب مذاکرات کے ذریعے ملک میں قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمہ کویقینی بنائے ۔ ہم سعود ی عرب کے فرمانروا اور خادم حرمین الشریفین سے احتراماً مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا بھر کے مظلوم اور منتشر مسلمانوں کو یکجا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور مصر میں اخوان المسلمون پر جاری ریاستی دہشتگردی اور ظلم و تشدد کو رکوائیںاور صدر مرسی کی جمہوری حکومت کو بحال کروانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں ۔سراج الحق نے کہاکہ چین ہمارا ہمسایہ اور دوست ملک ہے اس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بناناچاہتے ہیں ۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی پر جاری حسینہ واجد حکومت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ عالمی برادری خصوصاً امت مسلمہ کے قائدین کو بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کی بلاجواز گرفتاریوں ، قید و بند اور پھانسیوں کے سلسلہ کو روکنے کے لےے موثر آواز بلند کرنا ہوگی ۔
قبل ازیں سابق امیر جماعت اسلامی سیدمنورحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سراج الحق کا امیر جماعت منتخب ہونا ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے ۔ تحریک کی قیادت درست ہاتھوں سے درست ہاتھوں میں منتقل ہوئی ہے ۔ ارکان و کارکنان کا فرض ہے وہ اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قرآن و سنت کے غلبے اور ملک و ملت کی خوشحالی کی اس تحریک کو آنے والی نسلوں تک پہنچائیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی کارکنوں کو حکومت اور طالبان میں جاری مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک اجتماعیت کا نام ہے جس نے ہمیشہ قومی موقف اپنایا ہے ۔ آج پوری قوم مذاکرات کی حمایت میں متحد ہو چکی ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے انتہائی دانشمندی اور جرا ¿ت کا ثبوت دیتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ مذاکرات کی مخالفت کررہے تھے وہ ملک کو بدامنی اور انتشار کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے تھے ، وہ ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قانون پر عمل داری ختم ہو جائے تو لاقانونیت کو اختیار نہیں کرناچاہیے بلکہ قانون پر عملدرآمد کے لیے زیادہ حوصلے اور جرا ¿ت سے کام لیناچاہیے ۔
حلف برداری کی تقریب میں چاروں صوبائی امرا ، سیکرٹریز ، مرکزی نائب امرا اور ڈپٹی سیکرٹریز ،خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر ، وزیر صنعت شوکت علی یوسف زئی ، وزیر تعلیم ، وزیر بلدیات عنایت اللہ ، سینئر کالم نگاروں ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کی معروف شخصیات ، سیاسی و سماجی رہنماﺅں اور ہزاروں کارکنان جماعت نے شرکت کی ۔
No comments:
Post a Comment